آن لائن سسٹم سے شفافیت پیدا ہوتی ہے، فرنٹ ڈیسک کے قیام سے تھانہ کلچرمیں تبدیلی آرہی ہے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اشفاق خان۔

بہاول پور( )آن لائن سسٹم سے شفافیت پیدا ہوتی ہے، فرنٹ ڈیسک کے قیام سے تھانہ کلچرمیں تبدیلی آرہی ہے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اشفاق خان۔ تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے تھانہ جات میں فرنٹ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔رواں سال سے تھانہ میں FIRاور روزنامچہ کے اندراج کو کمپیوٹرائزڈ کرکے آن لائن سسٹم سے منسلک کردیا گیا ہے تاکہ پولیس سسٹم میں مزید بہتری پیدا ہو۔ تھانہ میں موجود تمام ریکارڈ کو کمپیوٹر ائزڈ کیاجارہا ہے۔ حکومت پنجاب اور آئی جی پنجاب لاہور کی ہدایت پر ضلع بھرکے تمام تھانہ جات میں فرنٹ ڈیسک کا عملہ تمام ریکارڈ کو کمپیوٹر ائزڈ کرکے آن لائن سسٹم سے منسلک کرے گا۔ضلع بھر کے تھانہ جات میں فرنٹ ڈیسک قائم ہو کر بہتر انداز میں کام کررہے ہیں جہاں پر پڑھا لکھا تربیت یافتہ عملہ اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ سینئر سٹیشن اسسٹنٹ اور پولیس سٹیشن اسسٹنٹ کے عملے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اشفاق احمد خان نے ڈی پی او آفس کے کمیٹی روم میں میٹنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ ڈیسک کے قیام کا مقصدتھانے میں آنے والے سائلین کو خوش آمدید کرنا انہیں بہتر طریقہ سے ڈیل کرتے ہوئے خوش اسلوبی سے پیش آنااور ان کی طرف سے دی جانے والی درخواستوں کو آن لائن سسٹم سے منسلک کرناہے۔ اگر کوئی شہری تحریری درخواست پیش نہ کرے تو اس کے بیان پر درخواست کمپیوٹر میں تحریر کرکے متعلقہ شہری سے دستخط کروا کر کارروائی کا آغاز کرنا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا کہ فرنٹ ڈیسک کے قیام سے تھانہ پر آکر دستاویزات کی گمشدگی کے متعلق رپٹ ہائے فوری اندراج کرکے متعلقہ شخص کے حوالے کردی جاتی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے میٹنگ میں موجود سینئر سٹیشن اسسٹنٹ اور پولیس سٹیشن اسسٹنٹ سے کہا کہ آپ کو بہتر انداز میں تربیت دے کر اچھے ماحول میں کام کرانے کا مقصد ہے کہ آپ تھانہ پر آنے والے شہریوں کو بہتر انداز میں ٹریٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا اس سسٹم کو فعال بنانے میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں لہذا آپ دل جمعی سے کام کریں اور لوگوں کی خدمت کریں۔ بعد ازاں ڈی پی اونے بہتر کارکردگی دکھانے اور محنت سے کام کرنے پر فرنٹ ڈیسک عملہ کو کیش ایوارڈ سے نوازا۔

 

 

Friday, March 10, 2017