ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور عمران محمودکا ڈسٹرکٹ پولیس آفس کادورہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں کرائم میٹنگ، ضلع بھر کے ایس پی،ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی شرکت،پولیس لائن میں دربار۔بعداز اں پارلیمنٹیرنز سے بھی میٹنگ۔

 تفصیل کیمطابق آر پی او نے ڈی پی او آفس بہاولپور کا دورہ کرتے ہوئے ڈی پی او،ایس پی اور ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ کرائم میٹنگ کی ڈی پی او بہاولپور امیر تیمور خان نے ضلع میں کرائم کے حوالے سے بریفنگ دی۔آر پی او نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور بہتر تفتیش کرنے کے بعد ملزمان کو قانون سے سخت سے سخت سزا دلوائیں،تفتیش کے نظام کو مزیدبہتر کرنے کے لئے تفتیشی افسران کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف کورسز کروائے جائیں تاکہ ان کی کارکردگی کومزید بہتر بنایا جا سکے۔سنگین مقدمات کی تفتیش کی نگرانی ایس ڈی پی اوز خود کریں،تھانہ جات کے ریکارڈ کو مکمل کروائیں کیونکہ تھانہ کا ریکارڈ کی تکمیل سے جرائم کی سرکوبی میں مدد ملتی ہے۔
پولیس لائن بہاولپور میں آر پی او نے دربار لگایا،منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے آج پولیس اور دیگر لاء فورسز کے جوانوں کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن وامان قائم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں بہت سی مشکلات سامنا کر نا پڑرہا ہے مگر پولیس کے جانباز سپاہیوں نے ہر مشکل حالات میں فرائض کی ادائیگی سے امن کو برقرار رکھا ہے۔ پولیس کو بہتر سہولیات کی فراہمی، نفری میں اضافہ اور پولیس ویلفیئر کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔پولیس اور شہداء کے ورثاء کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،پولیس کے جوانوں کو علاج معالجے کی بھی بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،جوانوں کی بہتر کارکردگی اور ڈسپلن کی وجہ سے معاشرہ میں پولیس کا امیج بہتر ہو رہا ہے۔دربارمیں پولیس کے جوانوں نے آر پی کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا،جس پر انہوں موقع پر احکامات جاری کئے۔
آئی جی پنجاب محمد عارف نواز کی ہدایت پرڈسٹرکٹ پولیس آفس میں آر پی او عمران محمود نے پارلیمنٹیرینز سے میٹنگ کی۔پارلیمنٹیرینز نے بہاولپور ریجن میں کرائم کی شرح کم ہونے پر اطمینان کااظہار کیا اوراس سلسلہ میں آر پی او کے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی لانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کو دور کیا جا سکے۔عمران محمود ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ پولیس کسی بھی جمہوری معاشرے میں جوڈیشری اور منتخب نمائندگان کے ذریعے عوام کو جواب دہ ہے۔بہاولپور پولیس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔دیگر سماجی برائیوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپناتے ہوئے منشیات فروشوں، قحبہ خانوں،جواء وغیرہ اورسنگین جرائم کے خلاف بھر پورکریک ڈاؤن کیا جارہاہے۔سنگین مقدمات کے اشتہاری ملزمان،قبضہ گروپس اور ٹاؤٹ مافیا کیخلاف بھرپور کاروائی کی جارہی ہے جس سے معاشرے میں امن وامان کی فضاء بہتر ہوئی ہے۔آر پی او نے مزید کہا کہ کسی بھی پولیس افسرکی طرف سے کسی جرم کے سرزد ہونے کی صورت میں ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر اور کسی بھی بے گناہ شخص کو حراست میں رکھنا ناقابل قبول ہے شکایت ملنے کی صورت میں سخت محکمانہ و قانونی کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔میٹنگ میں ڈی پی او بہاولپورامیر تیمور خان، صوبائی وزیر خوراک چوہدری سمیع اللہ،ایم پی اے مخدوم سید افتخار گیلانی،ایم پی اے ڈاکٹر افضل شامل تھے۔

Sunday, July 21, 2019