بہاول پور( )سول سروسز اکیڈمی لاہور سے پاس آؤٹ ہونے والے افسران کا ڈسٹرکٹ پولیس آفس بہاول پور کا دورہ۔ وزٹ کے دوران 20رکنی وفد کو ڈی پی او آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر

 اشفاق خان نے بریفنگ دی۔ تفصیل کے مطابق سول سروسز اکیڈمی لاہور سے پاس آؤٹ ہونے والے افسران کے 20رکنی وفد نے 44ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے تحت ملکی مطالعاتی دورہ کے دوران گروپ لیڈر کی قیادت میں ڈی پی او آفس کا وزٹ کیا، جس میں ڈی ایم جی گروپ سمیت دیگر گروپس کے پاس آؤٹ ہونے والے افسران شریک تھے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے اپنے آفس آمد پر مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پاس آؤٹ ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ ڈی پی او نے وفد کو پولیس ورک کے متعلق ملٹی میڈیاپر مکمل بریفنگ دی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے تھانہ جات میں فرنٹ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔رواں سال سے تھانہ میں FIRاور روزنامچہ کے اندراج کو کمپیوٹرائزڈ کرکے آن لائن سسٹم سے منسلک کردیا گیا ہے تاکہ پولیس سسٹم میں مزید بہتری پیدا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر سکیورٹی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایاگیا ہے۔ سی پیک موٹروے پروجیکٹ کے تحت بہاول پور ضلع میں آنے والے حصے کی سکیورٹی کے متعلق وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ SOPکے مطابق تمام مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے وفد سے بات کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں اختیارات تفویض ہونے کے بعد اپنے ملک پاکستان کی ترقی کے لئے بھرپور محنت اور جانفشانی اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

Friday, March 10, 2017